لاہور/ راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ الیکشن کمشن سینیٹ کے کامیاب امیدواروں کو بلا کر بیان حلفی لے کہ انہوں نے ووٹ نہیں خریدے۔ الیکشن کمشن تماشائی بنارہا تو عوام کا بیلٹ باکس سے اعتماد اٹھ جائے گا۔ سینیٹ انتخابات میں ثابت ہوگیا ہے کہ انتخابات دولت کا کھیل بن چکے ہیں اور سیاست اور جمہوریت جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے گھر کی لونڈی ہے۔ پارلیمنٹ کو محض دولت مندوں کا اکھاڑہ بننے سے بچایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے راولپنڈی میں اجلاس سے خطاب میں کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ ملک میں بادشاہت کے تحفظ کی بجائے اداروں کا استحکام ضروری ہے۔ حکمران قومی مفادات کی بجائے ساری عمر ذاتی مفادات کے پیچھے بھاگتے ہیں۔ ملک میں نظریاتی سیاست کی بجائے ذاتی مفادات کی سیاست کا چلن ہے جس میں عام آدمی کی بھلائی او ر مفاد کا کوئی خیال نہیں رکھا جاتا۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عام انتخابات ایم ایم اے کے ساتھ مل کر لڑے گی۔ اس سلسلے میں مضبوط امیدوار کھڑے کئے جائیں گے۔ الیکشن کی بھرپور تیاریاں کی جائیں اور پولنگ سٹیشنوں کی سطح تک مضبوط تنظیمی ڈھانچہ قائم کیا جائے۔ اجلاس میں عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور راولپنڈی میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ حلقہ بندی میں الٹ پلٹ کر کے بعض لوگوں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے، اس بارے میں تفصیلی جائزہ لیکر الیکشن کمشن میں اپیل کی جائے گی اور اگر وہاں شنوائی نہ ہوئی تو عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔