کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پاک کالونی کے علاقے بڑا بورڈ میں مسلح افراد نے ایک شخص40 سالہ طور خان ولد لیاقت کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ادھر نیو کراچی کے علاقے ایوب گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص 50 سالہ علی شیر ولد محمد اصغر زخمی ہوگیا۔ ادھر رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائی‘ گینگ وار کے منشیات فروش گروہ کے سرغنہ سمیت آٹھ ملزمان کو گرفتارکرکے دستی بم‘ خودکار اسلحہ‘ مسروقہ سامان اور منشیات برآمد کرلی۔ پاکستان رینجرز سندھ کے ترجمان کے مطابق مچھر کالونی میں کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے منشیات فروش گروہ کے سرغنہ شاہد عرف بوم بوم اور اس کے تین ساتھیوں لیاقت علی‘ عمیر علی اور ظاہر خان عرف شاہ جی کی گرفتاری عمل میں لائی جو منشیات فروشی کے علاوہ نقب زنی‘ بھتہ خوری‘ اغواء برائے تاوان اور زمینوں پر قبضے میں ملوث ہیں۔ اس کے علاوہ رینجرز نے ڈاکس کے علاقے میں چھاپہ مار کر ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان محمد عالمگیر عرف عالم اور محمد نوید عرف پچیس کو گرفتار کیا جو ٹارگٹ کلنگ‘ بھتہ خوری اور نجی میڈیا ہائوس پر حملے میں ملوث ہیں۔