بریشیا (اے این این) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے شوپیاں کے علاقے میں 6معصوم کشمیریوں کا قتل،کرفیو اور غیر قانونی کریک ڈائون قابل مذمت اقدام ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ قتل عام پر بات کرتے ہوئے صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ 6 معصوم و نہتے نوجوانوں کو بھارتی قابض افواج نے دن دیہاڑے قتل کیا اور غلط طور پر اب انہیں دہشت گرد قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے غیرمسلح اور معصوم شہریوں کو قتل کیا ہے اس طرح بھارت نے ایک بار پھر جنگی جرائم کاارتکاب کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں وکشمیر نے اٹلی کے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران پاکستانی و کشمیری تارکین وطن کمیونٹی کی جانب سے بریشیائ، برگا مو اور کریمونا میں منعقدہ مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔