پشاور (بیورو رپورٹ) سپیکر خیبر پی کے اسمبلی اسد قیصر نے بلدیو کمار سے حلف نہ لینے سے متعلق توہین عدالت کیس میں جواب پشاور ہائی کورٹ میں جمع کر دیا ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ بلدیو کمار سے حلف نہ لینے کے معاملے پر عدالت کی توہین نہیں کی گئی کیونکہ بلدیو کمار کو سپیکر کی ہدایت پر دو بار اسمبلی لایا گیا تھا تاہم اس دوران اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے تھے۔ عدالت کے استفسار پر سپیکر اسد قیصر نے بتایا کہ عدالت کے احکامات کے بعد دو بار بلدیو کمار کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے، بلدیو کمار کو اسمبلی لانے پر اسمبلی میں لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال پیدا ہوگئی جبکہ کورم ٹوٹنے پر حلف نہیں لے سکے۔جس پر خاتون جج مس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے کہ حلف اٹھانے کیلئے کیا اسمبلی کا اجلاس ہونا ضروری ہے؟، بتایا جائے بلدیو کمار سے حلف کیوں نہیں لے رہے؟، ہاؤس نے پروڈکشن آرڈر پر حلف کیوں نہیں لیا؟ اسمبلی میں حالات خراب نہیں ہوئے تھے بلکہ بلدیو کمار پر جوتے سے وار کیا گیا جس کے جواب میں ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کی ویڈیو آپ دیکھ سکتی ہیں اور یہ ویڈیو مختلف میڈیا چینلز نے بھی نشر کی تھی۔