نیشنل میوزیم گریٹراقبال پارک کے مکمل سیکشنز کا افتتاح 23مارچ کو کیا جائے گا:عبداللہ خان

لاہور(خبر نگار)کمشنر لاہور ڈویژن عبدا ﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ نیشنل ہسٹری میوزیم گریٹر اقبال پارک کے مکمل سیکشنز کا افتتاح 23مارچ کے موقع پر کیا جائے گا۔ خوبصورت و دیدہ زیب بوٹنگ جھیل کا بھی افتتاح کیا جائے گا۔ آسکر ایوارڈ ونر شرمین عبید چنائے کی سرپرستی میں سٹیزن آرکائیو آف پاکستان کی ٹیم انہماک سے نیشنل ہسٹری میوزیم کو ترتیب دے رہی ہے۔پاکستان کی تاریخ کے ہر موڑ اور منظر کو ڈیجیٹلی پیش کرے گا۔ عبدا ﷲ خان سنبل نے زیر تعمیر نیشنل ہسٹری میوزیم کے تکنیکی کاموں کے معیار اور ڈیزائن کے مطابق تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ میوزیم کی انٹیلی جنٹ ڈیجیٹل دیواریں اور اس کے مختلف حصے تحریک و قیام پاکستان اور آج کے پاکستان کو پیش کریں گی۔ پہلی مرتبہ اپنی نوعیت کا منفرد آڈیو، ویڈیو اور ڈیجیٹل نیشنل ہسٹری میوزیم تحریک قیام پاکستان اور تاریخ پاکستان کے نادر و نمایاں پہلوؤں کو اجاگر کرے گا جبکہ ہیروز گیلری اور میورل والز تحریک پاکستان اور پاکستان کی نمایاں ترین شخصیات سے مزین ہوں گی۔ کمشنر لاہور ڈویژن نے ان خیالات کا اظہار نیشنل ہسٹری میوزیم گریٹر اقبال پارک کے دورہ اور جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں شرمین عبید چنائے، ماروی میمن، شکیل احمد، چوہدری سعید، سید منور بخاری و دیگر نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن