ہارس ٹریڈنگ کرنیوالوں کے خلاف ایکشن ہونا چائیے،عمران خان صرف کھوکھلے وعدے اور نعرے دیتے ہیں:مریم اورنگزیب

 وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جمہوریت کو ووٹ دینے کا وقت آئے تو عمران خان پارلیمنٹ سے بھاگ جاتے ہیں۔احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کالی عینک لگا کر جمہوریت پر لیکچر دیتے ہیں لیکن جب ووٹ دینے کا وقت آئے تو پارلیمنٹ سے بھاگ جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کی 30 سیٹیں تھیں لیکن انہوں نے 44 ووٹ لیے حالانکہ ہارس ٹریڈنگ کا الزام ہم پر لگایا جب کہ تحریک انصاف ہارس ٹریڈنگ کرتی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ مجھ پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام نہیں ہے، یہ الزام ان لوگوں پر ہے جنہوں نے ہارس ٹریڈنگ کی، میں نے کسی پر الزام نہیں لگایا بلکہ حقیقت بیان کی ہے۔وزیر مملکت برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ جن جماعتوں کی 6 سیٹیں تھیں وہ 26 ووٹ لیتی ہیں اور جس جماعت کی 30سیٹیں تھیں وہ 44 ووٹ لیتی ہیں، میں نے حقیقت بیان کی اور اسی حقیقت پر سوال اٹھ رہے ہیں۔مریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا کہ جن جماعتوں نے سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی ان کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے اور ہارس ٹریڈنگ کی روایت ختم ہونی چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن