خرید و فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے, زرداری صاحب کا خیبرپختونخوا میں کون ہےجس نے انہیں ووٹ دیا:نوازشریف

Mar 07, 2018 | 15:16

ویب ڈیسک

امسلم لیگ( ن )کے قائد میاں نوازشریف نے سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی تحقیقات، ذمہ داران کو سزا اور مستقبل میں اس کی روک تھام کیلئے قانون سازی کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ خریدنے اور بیچنے والوں کی بھرپور تحقیقات ہونی چاہیے، زرداری صاحب کا خیبرپختونخوا میں کون ہے ، جس نے انہیں ووٹ دیا ۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے پنجاب ہائوس اسلام آباد میں رہنمائوں اور کارکنوں سے ملاقات میں کہا کہ سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ہارس ٹریڈنگ ہوئی ہے، سندھ میں پانچ نشستیں لینے والی ایم کیو ایم کی صرف ایک سیٹ آنے دی گئی ہے، باقی سب ووٹ خریدے گئے۔ انہوں نے کہا ووٹ خریدنے اور بیچنے والوں کی بھرپور تحقیقات ہونی چاہیے۔نواز شریف نے مزید کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کی تحقیقات کیخلاف کمیشن بننا چاہیے، جس کے بعد ووٹ بیچنے اور بالخصوص خریدنے والوں کو سزا دے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب کا خیبرپختونخوا میں کون ہے ، جس نے انہیں ووٹ دیا ، سندھ میں پیپلزپارٹی کے حیثیت سے زیادہ ووٹ لینے پر بھی بہت شور ہے، ایم کیو ایم پہلے ہی کہہ رہی ہے کہ ان کے ایم پی ایز کو پیپلز پارٹی نے خریدا، ان کے پاس بکنے اور خریدنے والوں کے نام بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا مستقبل میں ہارس ٹریڈنگ اور دھاندلی روکنے کیلئے قانون بننا چاہیے، اس قانون کو بہت زیادہ سراہا جائے گا۔قبل ازیں احتساب عدالت کے باہر سابق وزیراعظم نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہارس ٹریڈنگ کیخلاف کمیشن بنایا جائے ، مسلم لیگ ن ہارس ٹریڈنگ کے سخت خلاف ہے ، ہماری پارٹی کبھی ہارس ٹریڈنگ میں ملوث نہیں ہوئی، ہم سمجھتے ہیں اس حوالے سے کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا سینیٹ الیکشن میں جن پارٹیوں سے زیادتی ہوئی ہے ان کے ساتھ ہیں، سیاسی جماعتیں اس بارے میں کوئی لائحہ عمل بنانا چاہیں تو ہم تیار ہیں۔

مزیدخبریں