اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے حج پالیسی 2019 کے تحت پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کو جاری حج کوٹہ کے خلاف درخواست پر سیکرٹری مذہبی امور کو نوٹس جاری کر تے ہوئے 10 دنوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔۔ درخواست گزار کے وکیل عبدالخالق تھند ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ حج پالیسی 2019 کے تحت ٹور آپریٹرز کو دیا گیا حج کوٹہ سپریم کورٹ کے احکامات کے منافی ہے۔حج کوٹہ کی تقسیم میں امتیاز برتا گیا۔ پرائیویٹ حج کوٹہ شفاف طریقے سے تقسیم نہیں کیا گیا۔ حج کوٹہ کو 2018 تک کام کرنے والے ٹریولرز تک محدود بھی کر دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ اگر سعودی حکومت ہی کم کوٹہ دے تو پھر تو کوئی حل نہیں۔ہائی کورٹ کا ڈویڑن بنچ حج کوٹہ کی تقسیم کے حوالے سے واضح فیصلہ دے چکا ہے۔ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 10 روز کے لیے ملتوی کر دی گئی۔