لاہور (نیوز رپورٹر) تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی سید صمصام بخاری نے وزیراطلاعات و نشریات پنجاب کے عہدے کا حلق اٹھا لیا۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے ان سے حلف لیا۔ گورنر ہاؤس میں تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزراء راجہ بشارت، محسن لغاری، چودھری ظہیر الدین، اجمل چیمہ، ترجمان وزیراعلیٰ شہباز گل سمیت مختلف سیاسی اور حکومتی شخصیات شریک ہوئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صمصام علی بخاری کو مبارکباد دی وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی وزیر صمصام علی بخاری منجھے ہوئے پارلیمنٹیرین ہیں اور اپنے فرائض محنت اور پارٹی پالیسی کے مطابق سرانجام دیں گے۔ حلف اٹھانے کے بعد ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید صمصام حسین بخاری نے کہا کہ قومی معاملات میں میڈیا اور محکمہ اطلاعات کا ایک پیچ پر ہونا ضروری ہے۔میڈیاکی تعمیری تنقید کا خیر مقدم کریں گے۔اپنی حکومت کی اچھی کارکردگی پر میڈیا سے حوصلہ افزائی کی توقع رکھتے ہیں حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی میڈیا نے ایک میچور میڈیا کے طور پر اپنا کردار پوری ذمہ داری سے نبھایا۔اس کے برعکس بھارتی میڈیا اپنے من گھڑت اور خود ساختہ بیانیے سے پوری دنیا میں ایکسپوز ہو گیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلشنز امجد حسین بھٹی بھی موجود تھے۔سید صمصام حسین بخاری نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ قیادت نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں جس طرح اقوام عالم میں مسئلہ کشمیر اجاگر کیا اس کی نظیر نہیں ملتی۔اس کے ساتھ ساتھ پاک افواج نے ملک کی جغرافیائی سرحدوں کا کامیابی سے تحفظ کرکے دشمن ملک کو پیغام دیا کہ پاکستان ایک مضبوط اور متحد قوم کی صورت میں نا قابل تسخیر ملک ہے پاکستان میں موجود اقلیتوں سمیت ہم سب متحد ہیں ۔پاکستانی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ میڈیا اورمحکمہ اطلاعات اگر ایک پیچ پر نہ ہو ں تو ملک کا نقصان ہوگا۔انہوںنے کہا کہ حکومتی معاملات میں اگر ہماری کوتاہی ہے تو میڈیا نشاندہی کرے ہم اصلاح کریں گے تا ہم میڈیا حکومت کے اچھے کاموں کو بھی دکھائے ۔ حکومت اچھے کام کرتی ہے تو حکومت کا دفاع کرنا آسان ہوتا ہے ۔پارٹی نے مجھ پر اعتماد کیا ہے ، میں اپنی ذمہ داری بطریق احسن نبھائوں گا ۔ وزارت اطلاعات حکومت اور میڈیا کے مابین ایک پل کا کام کرتی ہے۔تمام وزراء وزیر اعلیٰ پنجاب کی ٹیم کا حصہ ہیں اس میں ترجمان وزیر اعلیٰ یا وزیر اطلاعات کی کوئی تقسیم نہیںہے۔ حکومت پر تنقید کرنا اپوزیشن کا حق ہے تا ہم اگر وہ تنقید برائے تنقید کریں گے تو ہمیںبھی جواب دینا آتا ہے۔نوازشریف کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہسپتال جانے یا نہ جانے کا فیصلہ خود نوازشریف نے کرنا ہے۔ پی آئی سی دل کے امراض کے حوالے سے بہترین ادارہ ہے ۔ پنجاب میں تمام اداروں کی بہتری کیلئے وزیرا عظم عمران خان ، وزیر اعلیٰ پنجاب اور متعلقہ محکموں کے قوانین کی روشنی میں بہتری کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ وہ میڈیا ہائوسز کے دفاتر کے دورے شروع کر رہے ہیںجن کا مقصد صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کی راہ ہموار کرنا ہے۔