اسلام آباد(نوائے وقت نیوز)قومی تاریخ اور ادبی ورثہ کی پارلیمانی سیکریٹری غزالہ سیفی نے کہا کہ موجودہ حکومت سوشل انٹرپرائز سیکٹر کی مکمل طور پر حمایت کرتی ہے اور اس شعبے کو فروغ دینے کے لیے ضروری اقدامات بھی کرے گی۔ وہ ان خیالات کا اظہار پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) اور برٹش کونسل کے مشترکہ زیر اہتمام اور اقوام متحدہ کے اقتصادی اور سماجی کمیشن و وزارتِ منصوبہ بندی کے تعاون سے ایک پروگرام ـ’ سوشل انٹرپرائز سیکٹرکے لیے پری بجٹ تجاویز اور ایشو پیپر کا اجراء ‘ کے عنوان سے ایک تقریب سے کررہی تھیں۔ ایس ڈی ڈی آئی کے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر وقار احمد نے کہا کہ پاکستان میں سوشل انٹرپرائزز کی بڑھتی ہوئی تعداد ایک حوصلہ افزاء امر ہے ۔ برٹش کونسل کے ڈائریکٹر پروگرامز جیمز ہیمپسن نے کہا کہ وہ سوشل انٹرپرائزسیکڑ کی کامیابی اور ترقی کے لیے پاکستان کی حکومت کی مدد کے لے تیار ہیں ۔ خواتین کی حیثیت پر قومی کمیشن کی چیئرپرسن خاور ممتاز نے کہا کہ ہمارے پاس بڑی تعلیم یافتہ عورتیں ہیں لیکن آگاہی کے نہ ہونے اور محدود مواقع کی وجہ سے وہ اس سیکٹر میں کامیاب نہیں ہو رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے اس شعبے میں ترقی کے لیے ان کی صلاحیت و استعدد کاری بڑھانے اور ان کے لئے سہولیات پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔