لاہور (سیف اللہ سپرا سے) لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق سیاحت کے فروغ اور تاریخی عمارات کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔ سیاحت کے فروغ سے ملکی معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہو ں گے ۔ انہوں نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب، فارویجن ایجنسی، یو ایس ایڈ اور دیگر عالمی ڈونزر ایجنسیوں کی مدد سے تاریخی عمارات کے تحفظ اور بحالی کے مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔ ان پراجیکٹس میں لاہور فورٹ کی پیکجز وال، مسجد وزیر خان کی نادرن وال، شیش محل، شاہی حمام، بارود خانہ اور شاہی باورچی خانہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارود خانہ اور شاہی باورچی خانے کی بحالی کا کام مکمل ہو چکا ہے اور انہیں سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا ہے بارود خانے کی عمارت میں میوزیم اور کانفرنس روم بنایا جائے گا۔ مسجد وزیر خان کی نادرن وال اور شیش محل کی بحالی کا کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ حال ہی میں شاہی قلعے کے اندر سے اکبر دور کا شاہی حمام دریافت ہوا ہے۔ تاریخی عمارتوں کی بحالی کے منصوبوں میں ایک اہم منصوبہ شاہی قلعے کے اندر پیکجز وال ہے۔ یہ دنیا کی سب سے بڑی پکجرز وال ہے۔ جس کے اوپر مغل بادشاہوں کے زمانے کے کھیل ، گھڑ سواری، بندر تماشا، جنگی حالات ہاتھیوں اور دیگر جانوروں کی تصاویر کی نقاشی کی جا رہی ہیں۔ اس پر اجیکٹ پر کام اپریل میں مکمل ہو گا۔ سیاحوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔
تاریخی عمارات کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں: کامران لاشاری
Mar 07, 2019