ایف بی آر ٹھیک نہیں ہوا تو نیا ادارہ بنادیں گے: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے خبردار کیا ہے کہ ’اگر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے موثر انداز میں کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا تو نیا ادارہ تشکیل دے دیں گے‘۔

اسلام آباد میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ ایف بی آر میں اصلاحات سے ٹیکس نیٹ بہتر ہوگا۔

انہوں نے تاجربرادری سے مخاطب ہو کر کہا کہ ٹیکس کے بغیر کوئی معاشرہ کامیاب نہیں ہو سکتا تاہم اداروں میں بہتری کے لیے اصلاحات کا عمل جاری ہے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے قوم پر مکمل اعتماد ہے تاہم متعین کردہ مقاصد کے حصول میں تھوڑا وقت لگے گا۔

ان کا کہنا تھا نیک نیتی اور کام کرنے کا جذبہ ہو تو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا اور یہ دونوں چیزیں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں موجود ہے۔

وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر دوہرایا کہ ان کا مقصد پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے۔انہوں نے عندیہ دیا کہ ملک میں سرمایہ کاری لانے کی کوشش کررہے ہیں اور اگلے چند برسوں میں متعدد ممالک کی جانب سے سرمایہ کاری آئے گی۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے منشور میں تعلیم اور صحت کو بنیادی حیثیت حاصل ہے تاہم اس حقیقت کو بھی سمجھنا چاہیے کہ ملک میں انسانوں پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت کی ترجیح عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانا ہے اس لیے تعلیم اور صحت سمیت دیگر شعبہ جات میں حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن