لاہور(چودھری اشرف) پی ایس ایل فائیو میں کراچی کنگز اور ملتان سلطان کا میچ بارش کی نذر ہوگیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیدیا گیا۔لاہور میں کھیلے گئے 19 ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف اور معین علی نے اننگز کا آغاز کیا، محمد عامر نے ذیشان کو تیسرے ہی اوور میں پویلین واپس بھیج دیا، وہ 2 رنز بناسکے۔عامر یامین نے چھٹے اوور میں پہلے معین علی کو 29 رنز پر اور پھر رائیلی روسوو کو صفر پر پویلین واپس بھیج دیا۔اگلے ہی اوور میں کپتان عماد وسیم نے روی بوپارا کو 4 رنز پر آؤٹ کیا اور اپنے اگلے اوور میں کپتان شان مسعود کا شکار کیا، وہ بھی 9 رنز بناسکے۔خوشدل شاہ 16 گیندوں پر 8 رنز کی اننگز کھیل کر عمر خان کا شکار بنے۔ شاہد آفریدی نے مچل میکلنگن کو لگاتار 2 چھکے رسید کیے اور پھر اگلے ہی اوور میں عمر خان کو بھی چھکا رسید کیا۔اس دوران لاہور میں بارش شروع ہوگئی جس کے باعث میچ روکنا پڑا۔ شاہد آفریدی نے 17 گیندوں پر 35 اور سہیل تنویر نے 10 رنز بنائے تھے۔ بارش ختم نہ ہونے پر میچ بالاخر میچ ختم کرنا پڑا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔ملتان سلطانز نے 16.5اوورز میں 102رنز بنائے۔ عامر یامین اور عماد وسیم نے 2،2 جبکہ محمد عامر اور عمر خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا میچ بارش کی نذر، 1-1 پوائنٹ مل گیا
Mar 07, 2020