لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ ٹخنے کی انجری کا شکار ہو گئے ہیں تاہم اگلے میچز کے لئے ٹیم میں شمولیت کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ نسیم شاہ پشاور زلمی کیخلاف راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران ٹخنے کی انجری کا شکار ہوئے۔ انہوں نے پشاور زلمی کے خلاف 2 اوورز کرائے اور 6 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہ کی جس کے بعد ٹخنے میں درد کے باعث وہ میدان بدر ہو گئے اور ساتھی کھلاڑیوں نے سیڑھیاں چڑھنے میں ان کی مدد کی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ کے بائیں ٹخنے میں انجری ہوئی ہے اور اگر ضرورت محسوس ہوئی تو انہیں سکین کے لئے بھی بھیجا جائے گا تاہم ابھی تک صورتحال اطمینان بخش ہے کہ وہ طبی امداد کے بعد بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مینجمنٹ نے نسیم شاہ کو ایک ہفتے کے لیے آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس دوران ان کی مکمل دیکھ بھال کی جائے گی۔یاد رہے کہ نسیم شاہ اس سے قبل بھی زخمی ہونے کے سبب پی ایس ایل کے پہلے دو میچز بھی نہیں کھیل سکے تھے۔