عورت مارچ معاملے پر ن لیگ ،تحریک انصاف ایک صفحے پرہیں: ترجمان بلاول

Mar 07, 2020

لاہور( این این آئی ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ عورت مارچ کے معاملے پر مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف ایک صفحے پر آ گئی ہیں ،تحریک انصاف کھل کر خواتین کے حقوق کے خلاف کھڑی ہو گئی ہے ،عورت مارچ پر مسلم لیگ (ن)کی خاموشی رجعت پسندانہ سوچ کی عکاس ہے ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ عمران خان کو تو پہلے دن ہی گڈ لکنگ جماعت اسلامی کا خطاب ملا تھا ،عورت مارچ کے معاملے پر ثابت ہو گیا کہ پی ٹی آئی جماعت اسلامی کا جدید نمونہ ہے، جو لوگ پی ٹی آئی کو ترقی پسند جماعت سمجھے تھے وہ مایوس ہو گئے ہیں ، جب خواتین، مزدور اور کسان کے حق کی بات ہوتی ہے یہ سارے رجعت پرست مخالفت میں کھڑے ہو جاتے ہیں ۔ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری وہ واحد قومی لیڈر ہیں جو خواتین کے حقوق کیلئے ڈٹ کر کھڑے ہیں ، ترقی پسند اور روشن خیال معاشرے کی قیام کیلئے سب بلاول بھٹو کا ساتھ دیں ،آج کے حکمران پاکستان میں ملائیت کو پروان چڑھا رہے ہیں جس کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں ،حقوق کی کسی بھی تحریک پر طرح طرح کے الزام لگانا رجعت پرستوں کا پرانا وطیرہ ہے۔

مزیدخبریں