ساڑھے 18لاکھ کے 5 ڈاکے، مزاحمت پرزخمی شہری دم توڑ گیا

Mar 07, 2020

لاہور(نامہ نگار) ڈاکوؤں اور چوروں نے شہرکے مختلف علاقوں میں18وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیاجبکہ لٹن روڈکے علا قہ میں 7روز قبل ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہو نے والاشہری مصطفٰی رشید گزشتہ روز ہسپتا ل میں دم توڑ گیا ۔ لٹن روڈ کے علا قہ میں 29 فروری کو ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے مصطفٰی رشیدکو شدید زخمی کر دیا تھا۔ علاوہ ازیں ڈاکوؤں نے ستوکتلہ میں جاوید کے گھر گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر6لاکھ 20ہزارروپے ،ڈیفنس سی میںصائم کے گھر سے 5لاکھ ،مغلپورہ میں پرویز اور اس کی فیملی سے 4لاکھ 30 ہزار،شادمان میں عمران اور اس کی فیملی سے2 لاکھ 15ہزار ، شادباغ میںعدیل اوراس کی فیملی سے90ہزارروپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے شہر کے مختلف علاقوں میں راہزنی کی وارداتوں میں 6شہریوں سے ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لئے۔ چوروں نے مصطفٰی ٹائون اور ریس کورس کے علاقوں سے دو گاڑیاںجبکہ جوہرٹاؤن، انارکلی، ہربنس پورہ،اکبری گیٹ اور سمن آبادکے علاقوں سے پانچ موٹرسائیکلیں چرا لیں ۔

مزیدخبریں