راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ) وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے پاکستان واپس نہ آنے پر نظام انصاف پر انگلی اٹھ رہی ہے۔راولپنڈی میں تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 456 سکولوں کو سائنسی نظام تعلیم میں بدل رہے ہیں جب کہ تعلیم میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والوں کو ملک سے باہر بھی بھیجیں گے، پاکستان کے مستقبل کی بنیاد علم، عقل اور دلیل پر رکھیں گے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف پاکستان نہیں آئیں گے، لندن والوں کو بچانے کے لئے سب کچھ ہورہا ہے، منظم مافیا کرپٹ لوگوں کو بچانے کے لیے سرگرم ہے۔ تاہم دونوں بھائیوں کے پاکستان واپس نہ آنے پر نظام انصاف پر انگلی اٹھ رہی ہے۔ جب کہ مولانا فضل الرحمن اور اپوزیشن عمران خان کے لیے کوئی مسئلہ پیدا نہیں کرسکتے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا وائرس نے ابھی تک خطرناک صورتحال اختیار نہیں کی، لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہاتھ بار بار دھوئیں جب کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لئے طلباء اپنا خاص خیال رکھیں۔ دریں اثنا ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تمام علوم کا ماخذ قران پاک ہے، علم کو اسلام سے علیحدہ نہیں کیا جا سکتا۔ ہم دو اپریل کو بھی مولانا منیب الرحمن اور پوپلزئی کا انتظار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے تمام علماء قابل احترام ہیں البتہ یہ دلیل تسلیم نہیں کہ چاند کی رویت کا سائنس سے تعلق نہیں۔
نواز،شہباز واپس نہیں آئیںگے،نظام انصاف پر انگلی اٹھ رہی ہے: فواد چودھری
Mar 07, 2020