کراچی (سٹاف رپورٹر) کراچی میں پورٹ قاسم کے قریب واقع کھاد فیکٹری میں مبینہ طور پر گیس کے اخراج سے تین درجن افراد کی حالت غیر ہوگئی ہے، آخری اطلاعات تک 150 سے زائد متاثرہ افراد کو کراچی کے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جناح ہسپتال کی ڈائریکٹر سیمی جمالی کے مطابق اطلاع ملتے ہی ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی، ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق ہسپتال لائے جانے والے افراد ہوش میں ہیں اور کسی کی حالت خطرے میں نہیں۔ اینگرو کیمیکل کی سیکیورٹی متاثرہ افراد کو ریسکیو کے حوالے کر رہی ہے، پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ساڑھے گیارہ بجے تک 30 سے زائد افراد کو ہسپتال روانہ کیا جا چکا تھا۔ ایس ایس پی ملیر سید محمد علی رضا کے مطابق پورٹ قاسم کی اینگرو فیکٹری میں متاثرین کو ہسپتال روانہ کیے جانے کے بعد صورتحال نارمل ہو گئی ہے۔ ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں گیس کا اخراج بند کردیا گیا ہے جبکہ باہر نکالے گئے تمام فیکٹری ورکرز کو واپس بلوالیا گیا ہے۔ادھر ترجمان اینگرو کے مطابق پورٹ قاسم پر ہونے والی گیس لیکج پر فوری قابو پالیا گیا تھا۔حادثے سے کسی قسم کا کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ حکومت سندھ نے فوری ایکشن لیا ہے اور وزیر اعلی سندھ کی ہدایت پر ڈی جی کی سربراہی میں سیپا کی ٹیم نے کمپنی کے آپریشنز بند کرادئیے مشیر ماحولیات مرتضی وہاب براہ راست آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔