کرونا، پہلا پاکستانی مریض صحتیاب، مطاف، مسجد نبوی زائرین کیلئے کھل گئے

اسلام آباد/ کراچی/ ووہان/ ریاض/ کوئٹہ (سپیشل رپورٹ/ شنہوائ) سندھ میں کرونا وائرس سے متاثرہ پہلا مریض صحت یاب ہو گیا جسے جلد ہسپتال سے فارغ کر دیا جائیگا۔ ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے کرونا وائرس کے باعث زیر علاج شخص کو صحت مند قرار دیکر ہسپتال سے فارغ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نوجوان کے کرونا وائرس کے حوالے سے کئے گئے ٹیسٹ منفی آئے ہیں اور نوجوان کو آج ہفتہ کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا جائے گا۔ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے بچائو کیلئے ہنگامی اقدامات کے بعد مطاف کعبہ کو کھول دیا جائیگا۔ مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کو جراثیم کش سپرے کے بعد نماز کیلئے کھول دیا گیا۔ تاہم عمرہ کرنے والوں اور مسجد نبویؐ کی زیارت پر آنے والوں کیلئے پابندی برقرار ہے۔ سعودی حکام نے ایران کو دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ قرار دیدیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ سعودی شہری ایران سے بحرین کے راستے سعودی عرب پہنچے تھے۔ ایران نے سعودی شہریوں کو پاسپورٹ پر بغیر سٹمپ داخلے کی اجازت دی۔ ایران کرونا وائرس کو روکنے میں سنجیدہ نہیں۔ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے صرف چھ کنفرم کیسز ہیں۔ چین میں متاثرہ شہر کو بند کیا گیا نہ وہاں کوئی جا سکتا ہے نہ آ سکتا تھا۔ ایران نے متاثرہ شہر قم سے لوگوں کی آمدورفت نہیں روکی، ایران سے آنے والوں کو ٹریس کیا گیا جس کا کریڈٹ سندھ حکومت کو جاتا ہے۔ ہسپتالوں میں آئسولیشن کیلئے گائیڈ لائن بروقت ایشو کئے گئے۔ ہم کسی حد تک بروقت اقدامات کر پائے اس لئے زیادہ کیسز نہیں ہوئے۔ کرونا وائرس سے متعلق ہماری حکمت عملی اب تک کام کر رہی ہے، کل کا پتہ نہیں۔ پاکستان میں کرونا وائرس کے چھ کنفرم مریضوں نے ایران کا سفر کیا، بھارت میں کرونا وائرس کے 29 ہزار متاثرہ شہری زیر نگہداشت ہیں، جنہیں قرنطینہ میں رکھا گیا۔ بھارت میں بھی کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور وہاں تعداد 31 تک جا پہنچی ہے۔ بھارتی خبر رساں ویب سائٹ کے مطابق حال ہی میں تھائی لینڈ اور ملائیشیا کا دورہ کرنے والے دہلی کے رہائشی ہیں، کرونا وائرس کی تصدیق کی گئی جس کے بعد مریض کو قرنطینہ میں رکھ دیا گیا ہے۔ بھارتی حکومت نے ریاستی حکومتوں کو عوامی اجتماعات سے گریز کرنے اور پہلے سے طے شدہ پڑے پروگرام ملتوی کرنے کی ہدایت کی۔ کیسز کے باعث فوج کو بھی ایمرجنسی صورتحال کیلئے تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ برطانیہ میں کرونا وائرس کے مزید 47 مریضوں کا انکشاف ہوا ہے۔ لوکل میڈیا کے مطابق اضافے کے بعد برطانیہ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 163 ہو گئی ۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پرصوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکی زیرصدارت ایوان وزیراعلیٰ میں کیبنٹ کمیٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میںصوبائی وزیرصنعت و تجارت میاں اسلم اقبال، رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب سہیل سکھیرا، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن بیرسٹر نبیل احمد اعوان، سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرکیپٹن(ر) محمدعثمان یونس، سیکرٹری اطلاعات و ثقافت راجہ جہانگیر انور ، سپیشل سیکرٹری فنانس، سیکرٹری سکولز، سیکرٹری ہائیرایجوکیشن،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں کروناوائرس کے مشتبہ کیسز کی تازہ صورتحال اور پیشگی انتظامات کا جائزہ لیا۔کیپٹن (ر) محمد عثمان یونس اور بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے صوبائی وزیرکو صوبہ بھر میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے کئے گئے پیشگی انتظامات سے آگاہ کیا۔ صوبائی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت راجہ جہانگیرانور نے اجلاس کے دوران مختلف ٹی وی چینلز اور اخبارات میں کرونا وائرس کی آگاہی کے حوالے سے آنے والی کوریج بارے آگاہ کیا۔ طبی ماہرین نے اجلاس کے دوران کرونا وائرس سے بچائو اور احتیاطی تدابیر بارے قیمتی تجاویز اور آراء پیش کیں۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 48 مشتبہ کیسز میں سے 47 کے ٹیسٹوں کے نتائج منفی آئے ہیں جبکہ ایک مشتبہ کیس کی رپورٹ آنا باقی ہے۔ 3ہزار56 زائرین میں سے 2700 افراد کی سکریننگ کی جا چکی ہے۔ عوام کرونا وائرس کے حوالے سے کسی بھی مشکوک یا غلط خبر پر کان نہ دھریں۔ صحت مند انسان کو ماسک پہننے کی کوئی ضرورت نہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے ہوائی اڈوں اور زمینی داخلی و خارجی راستوں پر مسافروں کی سکریننگ کا عمل جاری ہے۔ پنجاب کے تمام سرکاری سکولوں میں اساتذہ اور بچوں کی آگاہی کے لئے معلوماتی کتابچہ تقسیم کر دیا گیا ہے۔کروناوائرس سے متعلق آگاہی مہم اور پیشگی انتظامات کو خودمانیٹر کر رہے ہیں۔ محکمہ صحت کے علاوہ تمام دوسرے محکمہ جات کرونا وائرس سے بچائو کے حوالے سے آپس میں مربوط کوآرڈینیشن کے ساتھ کام کریں۔دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس کے مریضوں کی مصدقہ تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی، سربیا ،کیمرون اوربھوٹان میں بھی پہلے کیس کی تصدیق ہوئی ہے ، اٹلی میں ہلاکتیں 148 اورایران میں 124 ہوگئیں جبکہ چین میں کرونا وائرس کے باعث مزید 30 افرد ہلاک اور 143نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 3042 اور متاثرہ افراد کی تعداد80ہزار 552 ہوگئی جن میں سے 5 ہزار737 افراد کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ جمعرات کو چین کے محکمہ صحت نے کہاہے کہ چینی مین لینڈ پر نوول کروناوائرس کے 143 نئے مصدقہ مریضوں کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں جبکہ مزید30 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ امریکی یونیورسٹی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق مشرقی وقت جمعہ (1300 GMT) صبح 8 بجے تک کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد عالمی سطح پر ایک لاکھ سے تجاوز کرکے ایک لاکھ 113ہوگئی ہے۔ ایرانی وزارت صحت و طبی تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث ایران میں 124 افراد انتقال کر چکے ہیں ، یہ اعلان جمعہ کو کیا گیا۔ ایران میں مجموعی تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 ہزار 7 سو 47 ہو چکی ہے جن میں سے 913 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ جہانپور نے کہا کہ مجموعی طور پر 1ہزار4 سو13 متاثرہ کیسز کا تعلق تہران سے ہے جبکہ مرکزی شہر قم سے 5سو 23 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی نئے سال کی چھٹیاں قریب آتے ہی شمالی صوبوں گیلان اور مازنداران کے سفر پر پابندی لگائی جا سکتی ہے۔ اطالوی حکام نے جمعرات کو3ہزار296 افراد میں نئے کرونا کے ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے جو گزشتہ روز کی تعداد میں 590کیسز کااضافہ ہے۔ اس تعداد میں صحت یاب یا ہلاک ہونے والوں کوشامل نہیں کیاگیا،اکتالیس مزید افراد کی ہلاکتیں ہوئی ہیں جسکا مطلب ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد148 تک پہنچ گئی ہے۔فلپائن کی حکومت نے کرونا وائرس کے مزید2 مریضوں کی تصدیق کردی ہے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد5 ہوگئی ہے۔سرگودھا، سیالکوٹ سے نمائندہ خصوصی، نامہ نگار کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر ایئرپورٹ پر پہنچنے والے شہری کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز منڈی بہائو الدین کا رہائشی غلام عباس پی آئی اے کی فلائٹ نمبر PK720 ذریعے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا تو وہاں پر موجود محکمہ ہیلتھ کی ٹیم نے کرونا وائرس کا ٹیسٹ لیا اور علامات ظاہر ہونے پر غلام عباس کو دوسرے مسافروں سے الگ کرکے فوری طور پر علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا جہاں پر اس کے خون کے نمونہ جات لیبارٹری میں بھجوا دیئے گئے ہیں۔ سرگودھا ریجن کے علاقہ نوشہرہ وادی سون کا ایران سے واپس آنے والا نوجوان کرونا وائرس میں مبتلا، جس کو ہسپتال داخل کر کے علاج شروع کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ریجن کے علاقہ نوشہرہ وادی سون کا نوجوان فہیم قریشی ساکن محلہ سندال موضع نوشہرہ 3مارچ کوبذریعہ روڈ ایران سے واپس وطن آیا اور بخارمیں مبتلا رہا جس کو ٹی ایچ کیو ہسپتال سے چیک کر کے خون کے نمونے جات حاصل کرکے اسلام آباد لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے بھجوائے گئے جس کی رپورٹ میں نوجوان فہیم کرونا وائرس میں مبتلا پایا گیا تو مریض کو ٹی ایچ کیو ہسپتال میں داخل کر کے علاج شروع کردیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...