لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما میاں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ کھلنڈرے حکمرانوںنے قوم کے سینے پر مہنگائی کے جو زخم لگائے ہیں، اس کا حساب دینا ہو گا۔ اگر آج معاشی حالات پر سیاسی حل تلاش نہ کیا صرف الزام تراشی کی تو آنے والی نسل ہمیں معاف نہیں کرے گی۔ احتساب نہیں انتقام اور تماشا کیا جارہا ہے، احتساب کے نام پر انتقام برداشت نہیں، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے لوگ پریشان ہیں اور وزیراعظم کہتے ہیں کہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا، مجھے تو دور دور تک کوئی امید کی کرن نظر نہیں آتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سیشن کورٹ میں پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کا ایک ایک لمحہ عوام پر بھاری ہے، آج معیشت کا برا حال ہے۔ غریب آدمی اپنے بچوں کی دو وقت کی روٹی پوری کرنے سے قاصر ہے۔ وزیراعظم عمران نیازی نیب اور نیب وزیر اعظم کے پیچھے چھپنے کی کوشش کررہے ہیں۔ میں وثوق سے کہنا چاہتا ہوں کہ جب تاریخ اور پاکستان کی ڈوبتی ہوئی معیشت کی کہانی لکھی جائے گی تو اس میں نیب اور اس کا عمران نیازی کیساتھ گٹھ جوڑ سرفہرست ہو گا۔ حمزہ شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس قوم پر رحم کرو اور جھوٹ بولنا بس کر دو۔
احتساب نہیں تماشا‘ کھلنڈرے حکمرانوں کو مہنگائی کے زخموں کا حساب دینا ہو گا: حمزہ
Mar 07, 2020