منشیات برآمدگی کیس:رانا ثنا اللہ کے خلاف فرد جرم عائد نہ ہوسکی

Mar 07, 2020 | 12:36

ویب ڈیسک

منشیات برآمدگی کیس میں رانا ثنااللہ کے خلاف فرد جرم عائد نہ ہوسکی،انسداد منشیات عدالت نے اٹھائیس مارچ کو فریقین کے وکلا کو بحث کے لئے طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد منشیات عدالت میں رانا ثنااللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی، اس دوران رہنما مسلم لیگ نون عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔دوران سماعت رانا ثنااللہ کے وکلا کی جانب سے گواہوں کے بیانات کی کاپی فراہم کرنے کی درخواست دائر کی گئی،جس کے باعث ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔اس موقع پر اے این ایف پراسیکیوٹر نےموقف اختیار کیا کہ ملزمان کے وکلا فرد جرم عائد کرنے کے حوالے سے عدالتی وقت ضائع کررہے ہیں،پچھلی تاریخ پر یہ طے تھا کہ آج فرد جرم لگے گی، اس کیس میں پانچ ملزمان ہیں کوئی نہ کوئی تاریخ مانگتا رہے گا، ہم چاہتے ہیں کہ فرد جرم عائد ہو اور دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو۔جس پر فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کچھ لوگوں کو بلایا لیکن ہمیں ان کے بیان کی کاپی نہیں دی گئی۔بعد ازاں انسداد منشیات عدالت نے کیس کی سماعت اٹھائیس مارچ تک ملتوی کردی،جج شاکر حسن نے ریمارکس دیئے کہ اسکے بعد مزید کوئی تاریخ نہیں دی جائے گی۔

مزیدخبریں