سکھر(بیورو رپورٹ) جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ بکے ہوئے لوگوں کے ووٹوں کیساتھ اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے پر اب عمران خان صاحب کی کیا اخلاقی حیثیت باقی رہ گئی ہے، حقیقت میں عمران خان اس وقت بازی ہار چکے ہیں، انکے لئے اب مذید اقتدار کیساتھ چمٹا رھنا ملک کیلئے مذید خرابیوں کا باعث بنے گا،یہ بات انہوں نے ہفتے کے روز دارلعلوم تفہیم القران سکھر کی تقریب تکمیل بخاری و دستار فضیلت کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق رکن قومی اسمبلی اسدا للہ بھٹو بھی انکے ہمراہ موجودتھے، وزیر اعظم کیجانب سے اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کیا جانے کے متعلق سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ صدر پاکستان نے جو احکامات جاری کیئے اس میں انہوں نے ڈکلیئر کیا کہ عمران خان اعتماد کھو چکے ہیں، انکے پاس اکثریت نہیں ہے، اب عمران خان نے قومی اسمبلی کے ایک اجلاس کے زریعے اکثریت حاصل کر لی تاہم انہوں نے قوم سے خطاب میں خود کہا ہے کہ 16 ممبران بک گئے ہیں انکی قیمت لگ چکی ہے، عمران خان کی کیا اخلاقی حیثیت اب باقی ہے ان ہی لوگوں کے ووٹ کیساتھ اعتماد کا ووٹ حاصل کیا ہے، حقیقت میں عمران خان اس وقت بازی ہار چکے ہیں،انہوںنے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں سیاست کو اب آئین کے تابع کیا جائے، آئندہ انتخابات کو شفاف و غیر جانبدارانہ بنایا جائے۔