حکومتی‘ اپوزیشن رہنمائوں کی ملاقاتیں  چیئرمین سینٹ کیلئے آج فیصلہ کرینگے‘ متحدہ

Mar 07, 2021

 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے جی ڈی رہنما‘ وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے ملاقات کی۔ صادق سنجرانی نے چیئرمین سینٹ کیلئے حمایت مانگ لی۔ صادق سنجرانی نے ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی سے بھی ملاقات کی۔ صادق سنجرانی نے سینٹ انتخابات کیلئے حمایت مانگ لی۔ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے چیئرمین سینٹ الیکشن میں تعاون مانگتے ہیں۔ گیلانی سے متحدہ قومی موومنٹ وفد کی ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات کے دوران سینٹ الیکشن سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کاکہنا تھا کہ سینٹ الیکشن کے بعد ملک میں جشن نظر آ رہا ہے۔ پی ڈی ایم نے میجورٹی شو کر دی ہے۔ دریں اثناء ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم سے سینٹ کی ڈپٹی چیئرمین شپ مانگ لی ہے۔ پیپلز پارٹی نے بھی متحدہ کو اس عہدے کی آفر کر دی ہے۔ جمعہ کے روز وزیراعظم عمران خان سے خالد مقبول کی قیادت میں ملنے والے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے اپنے مطالبات اور تحفظات ان کے سامنے رکھے تو ان کا کہنا تھا کہ بطور اتحادی حکومت نے وعدے پورے نہیں کئے۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا عہدہ دیا جائے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول کا کہنا تھا کہ ’خوش نصیبی ہے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ہمارے پاس آئے‘ پی ڈی ایم کی جانب سے یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینٹ کیلئے امیدوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج رابطہ کمیٹی کی میٹنگ میں ملاقاتوں کے متعلق حتمی نتیجے پر پہنچیں گے۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ووٹ مانگنے ہر جگہ جاؤں گا۔ زرداری حمایت کرتے ہیں یا نہیں ان سے ملوں گا تو فیصلہ ہو گا۔

مزیدخبریں