لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے صاف پانی کمپنی ریفرنس کی سماعت کرتے ہوئے شہباز شریف کی صاحبزادی رابعہ عمران اور داماد عمران یوسف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر دونوں کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔ جج امجد نذیر چودھری نے کیس کی سماعت کی ریفرنس میں نیب لاہور نے صاف پانی کمشن کے سابق چیف ایگزیکٹو افسر وسیم اجمل سابق کنوینر انجینئر قمر اسلام سمیت 20 افراد کو نامزد رکھا ہے۔عدالت میں پیش نہ ہونے پر شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کو اشتہاری قرار دیا گیا سماعت 4 اپریل تک ملتوی کر دی گئی لیگی رہنما قمر السلام کرونا کے باعث پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے ان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ عدالت طلبی نوٹس کے بعد شہباز شریف کے داماد عمران یوسف اور بیٹی رابعہ عمران کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر چکی ہے۔