یو کرائنی شہر پر راکٹ حملہ،ائیر پورٹ تباہ،کیف کے قریبی قبضہ میں6ہلاک

Mar 07, 2022


کیف+ ماسکو (این این آئی+ آئی این پی) یوکرائنی دارالحکومت کیف کے قریبی قصبے پر روسی فوج کی بمباری سے 6 افراد ہلاک ہو گئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روسی فوج نے یوکرائن کے دارالحکومت کیف کا محاصرہ کررکھا ہے جبکہ روس نے یوکرائن کے شہر ماریوپول پر دوبارہ حملے بھی شروع کر دیے ہیں۔ ماریوپول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر میں روسی بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث لوگوں کا انخلا ملتوی کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرائن کے صدر ولودو میر زیلینسکی پولینڈ کی سرحد کے قریب شہر لائوف منتقل ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب مشرقی یوکرائن میں روسی افواج نے کئی بڑے شہروں پر پر قبضہ کر لیا ہے اور کیف کا گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔ امریکی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے یوکرائن کو لڑاکا طیارے نشانہ بنانے کا اسلحہ فراہم کر دیا ہے۔ روس اور یوکرین میں مذاکرات کا تیسرا دور (آج) پیر کو  ہو گا۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے جرمن چانسلر اولاف شولز سے ٹیلفونک رابطہ کیا اور کہا کہ روس یوکرین کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے اور امید ہے کیف معقول اور تعمیری موقف اپنائے گا۔ دوسری  طرف روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ملک میں مارشل لا کے نفاذ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مارشل لا کا اعلان کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔  روس کی قومی ایئر لائن ایرو فلوٹ نے 8 مارچ سے اپنی تقریباً تمام بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ یوکرین نے 8 سال تک ڈونئیک اور لوہانسک میں 500 بچوں سمیت 15 ہزار شہریوں کو بے دردی سے قتل کیا لیکن اب شہریوں پر حملہ کرنے والے ان آوارہ کتوں کو زہر دینے یا گولی مار دینے کا وقت آ گیا ہے۔ برطانوی ملٹری انٹیلی جنس نے کہا ہے کہ روسی افواج یوکرین میں زیادہ آبادی والے علاقوں کو نشانہ بنا رہی ہیں، یوکرین کی جانب سے طاقت ور مزاحمت روس کی پیش قدمی کو سست کر رہی ہے۔ ترک صدر اور روسی ہم منصب کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ ترک صدر نے پیوٹن کو امن کیلئے کردار ادا کرنے کی پیشکش کی۔ طیب اردگان نے کہا کہ یوکرین میں جنگ بندی سے انسانی بحران کے خدشات کم ہوں گے۔ روسی صدر پیوٹن کی اپنے فرانسیسی ہم منصب میکرون سے ٹیلی فونک بات چیت ہوئی۔ فرانسیسی صدارتی محل کے مطابق روسی صدر نے میکرون کو بتایا کہ روس کسی بھی طرح اپنے مقاصد حاصل کر کے رہے گا۔ میکرون نے جنگ بندی پر زور دیا۔ یوکرائن کے شہر وینیشا کے ائرپورٹ پر روس نے راکٹ حملے کئے ہیں۔ صدر یوکرائن زیلنسکی کے مطابق روس کے راکٹ حملوں سے وینیشا ائرپورٹ مکمل تباہ ہو گیا۔ روس سے مذاکرات کرنے والے یوکرینی وفد کے رکن ڈینس خیریف کو دارالحکومت کیف میں غداری کے الزام میں قتل کر دیا گیا۔ یوکرینی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ سپیشل آپریشن کے دوران 3 رضاکار ہلاک ہوئے جس میں ڈینس خیریف بھی شامل ہیں۔ یوکرینی وزارت دفاع نے انہیں ہیرو قرار دیا تاہم مقامی رکن پارلیمنٹ نے یوکرینی سکیورٹی فورسز پر ڈینس کو غداری کے الزام میں قتل کرنے کا الزام لگایا۔ 

مزیدخبریں