اسلام آ باد(خبر نگار ) ملک بھر میں کرونا سے اموات میں کمی آنے لگی۔ چوبیس گھنٹے کے دوران سات افراد جاں بحق ہوئے۔ پاکستان میں کرونا سے مجموعی اموات کی تعداد تیس ہزار دو سو پینسٹھ ہو گئی ،ملک بھر میں 755 نئے کیسز رپورٹ۔ پاکستان میں کرونا مثبت کیسز کی شرح دو فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ اتوار کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی)کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کرونا کی شرح میں مسلسل کمی جاری ہے۔ ایک روز میں 755 سے زائد کیسز اور 7 اموات سامنے آئیں۔ این سی اوسی کے مطابق ملک میں 24 گھنٹے میں کرونا سے مزید 7 مریض جاں بحق ہوگئے۔ جس کے بعد کرونا سے انتقال کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 30 ہزار 265 ہوگئی ہے۔ چوبیس گھنٹے میں کرونا کے 37 ہزار661 ٹیسٹ کیے گئے، جس میں مزید 75 افراد میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس دوران ملک میں کرونا کے کیسز مثبت آنے کی شرح 2.0 فیصد رہی۔ ملک میں کرونا کے 821 مریض انتہائی نگہداشت میں زیرعلاج ہیں جبکہ ملک بھر میں کرونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 14 ہزار 258 تک پہنچ گئی ہے۔ سندھ میں کرونا کیسز کی تعداد 5 لاکھ 69 ہزار978 ، پنجاب میں 5 لاکھ 02 ہزار 621 ، خیبر پی کے میں 2 لاکھ 16 ہزار 983 اور بلوچستان میں 35 ہزار 380 ہے جبکہ اسلام آباد میں ایک لاکھ 34 ہزار 620 ، گلگت بلتستان میں 11 ہزار570 اور آزاد کشمیر میں 43 ہزار 106 کیسز سامنے آچکے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک بھرمیں 10 کروڑ افراد نے کورونا ویکسینیشن مکمل کرلی ہے۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی جاری کردہ ٹوئٹ میں اسد عمر نے کہا کہ ہم ملک کے تمام تمام اہل شہریوں کی ویکسینیشن مکمل کرنے کے بہت قریب ہیں، اب تک ملک کے 12 کروڑ 70 لاکھ افراد نے کورونا ویکسین لگوائی ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ اب تک ملک میں 10 کروڑ افراد کورونا کے خلاف قوت مدافعت کے لیے مکمل طور پر ویکسین لگوا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ ملک میں گزشتہ برس سے کورونا ویکسینیشن کا آغاز ہوا تھا۔