لاہور، پھلروان، بھیرہ (نامہ نگاران) وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی ندیم افضل چن نے دوبارہ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری گزشتہ روز جوہر ٹاؤن میں ندیم افضل چن کی رہائش گاہ پر ظہرانے پرپہنچے۔ جہاں بلاول بھٹو زرداری اور ندیم افضل چن نے پریس کانفرنس کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم چن صاحب کو پاکستان پیپلز پارٹی میں واپسی پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ یہ پوری پارٹی کے لیے بڑی خوشخبری ہے۔ اس موقع پر ندیم افضل چن نے کہا کہ میں ایک سیاسی ورکر ہوں۔ میں نے پاکستان پیپلزپارٹی سے سیاست شروع کی۔ جب عمران خان میرے گھر آئے تھے تو میں نے کہا تھا کہ میں کل بھی بھٹو والا تھا اور آج بھی بھٹو والا ہوں۔ میں تحریک انصاف میں شامل ہونے کے اپنے فیصلے کو ایک غلطی کہتا ہوں۔ پیپلز پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ فیملی مجبوریوں کی وجہ سے کیا تھا، لیکن اب پیپلز پارٹی میں واپس آکر مطمئن ہوں۔ قبل ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں ندیم افضل چن کی جانب سے ظہرانے میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ندیم افضل چن کے درمیان سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، اعتزاز احسن، شیری رحمن، شازیہ مری، فیصل کریم کنڈی، راجہ پرویز اشرف، حسن مرتضیٰ، شہزاد سعید چیمہ، خورشید شاہ، نثار کھوڑو، مصطفیٰ نواز کھوکھر، قمر زمان کائرہ، رانا فاروق احمد خان، چودھری نوید، ٹوچی خان، شمیم آفریدی و دیگر پارٹی رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔ پی پی کی حکومت میں ندیم افضل چن کو چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی بنایا گیا تھا وہ وقت انکے عروج کا دور تھا لیکن بعد ازاں وہ تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔ ان کی پی پی میں شمولیت کے وقت ان کے والد اور بھائی وسیم افضل چن نے دوبارہ واپسی کو ان کا اپنا ذاتی فیصلہ قرار دیا اور کہا باقی فیملی ارکان کا اس فیصلے سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہم پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ ہیں اور وزیر اعظم کے حمایتی ہیں۔ چن فیملی کی تینوں بڑی پارٹیوں میں انٹری ہو چکی ہے لیکن یہ پہلی بار ہوا ہے کہ فیملی اراکین ایک پارٹی میں اور ندیم چن دوسری پارٹی میں ہیں۔ ندیم افضل چن کی پاکستان پیپلز پارٹی میں دوبارہ واپسی نے این اے 88 میں ہلچل مچا دی ہے اور سیاسی حلقوں میں مختلف چہ میگوئیوں کا بازار گرم ہو گیا ہے۔ ندیم افضل چن کے بھائی چوہدری وسیم افضل نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ یہ چوہدری ندیم افضل چن کا ذاتی فیصلہ ہے، پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری گلریز افضل گوندل و دیگر پی ٹی آئی میں ہی ہیں۔ ڈسٹری بیوٹر رانا محمد رمضان کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں حاجی محمد افضل چن نے ورکروں پر واضح کیا تھا کہ ہم جا رہے ہیں اب پی ٹی آئی سے ہماری راہیں جدا ہیں۔ انہوں نے کارکنوں کو لاہور ناشتہ اور لالہ موسیٰ ریلی میں شریک ہونے کی دعوت بھی دی تھی۔ اس موقع پر سابق سٹی ناظم عزیزالحق پراچہ، احتشام الحق پراچہ، تحریک انصاف کے سابق تحصیل جنرل سیکرٹری چوہدری خالد محمود ارائیں، انجمن آرائیاں کے صدر چوہدری طارق امیر اور دیگر بھی موجود تھے۔ چوہدری ندیم افضل چن کی پی پی پی میں واپسی اور ان کے بھائیوں کی پی ٹی آئی میں موجودگی پر تبصرہ کرتے ہوئے تحریک انصاف کے کارکنوں کا کہنا تھا کہ اقتدار کے مزے لوٹنے کے لیے انہوں نے ابھی پی ٹی آئی میں شامل رہنے کا فیصلہ کیا ہے اور مناسب وقت پر وہ بھی پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دیں گے۔