اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ فضل الرحمن کے 48 گھنٹے اور بلاول کے پانچ دن تو کاٹھ کا گھوڑا نکلے لیکن میں بتا رہا ہوں کہ آئندہ ہفتے میں اپوزیشن اپنی تحریک سمیت گھروں میں واپس چلی جا ئے گی۔ یہ بات چوہدری فواد حسین نے اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ لکھی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے تمام دعووں سے مکمل ہوا نکل جائے گی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیر اعظم اسلامی وزرائے خارجہ کی کانفرنس کے بعد اہم دورے کریں گے۔ مزید برآں وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ قومی مالیاتی کمیشن کا سارا پیسہ جو کراچی اور سندھ پر لگنا چاہئے تھا، انوکھا لاڈلا لانگ مارچ پر لگا کر فارغ ہو گیا ہے۔ اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پھر کہیں گے سندھ کو وسائل نہیں ملے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حقوق مارچ کے بعد سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت بنے تو ہی سندھ کے عوام کو پنجاب اور پختونخوا جیسی سہولتیں مل سکتی ہیں۔ اپنے ایک اور ٹویٹ میں چوہدری فواد حسین کا کہنا ہے کہ پہلے ہی کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد والا کام اپوزیشن سے نہیں ہو پائے گا۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ اپوزیشن سپیکر قومی اسمبلی کے خلاف ہی تحریک عدم اعتماد پیش کر کے دکھا دیں، میدان بھی ہے، گھوڑا بھی، اب یہ نہ کہنا کہ امپائر نیوٹرل نہیں تو ہم سے یہ بھی نہیں ہو پائے گا۔