گورنر ہائوس میں LADIESFUND ویمنز ایوارڈز2021کی 13ویں سالگرہ  پر تقریب 

کراچی(این این آئی)دائود گلوبل فائونڈیشن کے زیر اہتمام گورنر ہائوس کراچی میں LADIESFUND ویمنز ایوارڈز برائے پاکستان 2021 کی 13ویں سالگرہ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ملک کی سب سے متحرک قابل ذکر خواتین کو پیپلز چوائس ایوارڈز برائے ٹریل بلیزر، مومینٹم اور وومن آف دی ایئر ایوارڈز کے ساتھ ساتھ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز سے نوازا گیا۔ملک کے امیج کو بہتر بنانے میں خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں خواتین کا کردار قابل ذکر ہے اور جس پر ہمیں فخر ہونا چاہیے۔ انہوں نے  ملک کو معاشی خوشحالی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایک بہتر میدان بنانے میں تقریب میں موجود  خواتین کی خدمات کو بھی سراہا۔عمران اسماعیل نے خواتین کو مالی طور پر بااختیار بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) اور حکومت کی نئی شروع کی گئی کامیاب جوان اسکیم کی خدمات کی بھی تعریف کی۔خاتون اول ثمینہ عارف علوی نے اپنی کلیدی تقریر میں کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے مقصد کو مکمل طور پر حاصل کرنے کے لیے پاکستان کے پسماندہ علاقوں کی خواتین باشندوں کو مساوی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے سرگرم کارکنوں کی کوششوں کو سراہا جو مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ملک کی خواتین کو صحت کی دیکھ بھال، تعلیمی سہولیات اور وراثت کے حقوق فراہم کیے جاسکیں۔ گورنر، اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP)، ڈاکٹر رضا باقر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کسی بھی ملک میں پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کے لیے تمام مالیاتی اور پیشہ ورانہ کوششوں کے لیے مرد اور خواتین دونوں کے لیے یکساں مواقع ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے کامیاب جوان پروگرام کے تحت ملک میں ابھرتی ہوئی خواتین کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کے لیے اب تک 950 ملین روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں اوراس پروگرام میں 24 بینکوں نے حصہ لیا ہے۔تقریب میں جسٹس (ر) ماجدہ رضوی اور بیوٹیشن مسرت مصباح کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ویمنز ایوارڈز

ای پیپر دی نیشن