کراچی( نیو ز ڈیسک)امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سندھ میں امن وامان کی خراب صورتحال کی وجہ سے لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں، شکارپور،قاضی احمد میں ایک درجن سے زائد افراد کا قتل عام اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں پر قانون نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے،پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے عوام کو حقوق دینے کی بجائے مزید مراعات اور اقتدار کو طول دینے کیلئے لانگ مارچ کے نام پر ڈھونگ مارچ رچایا ہوا ہے،وفاقی حکومت کے رکارڈ قرضوں کی وجہ سے ملک معاشی بحران کا شکار اور آئی ایم ایف کی غلامی کی چنگل میں بری طرح پھنس چکا ہے، موجودہ حکومت کی معاشی ٹیم بری طرح ناکام ہوچکی ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنڈیارو میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی امیر نے تنظیمی اجلاس میں بلدیاتی انتخابات سمیت دعوتی و تنظیمی امور کا جائزہ بھی لیا۔ امیر ضلع ایڈووکیٹ شبیر احمد خانزادہ۔ قیم ضلع محمد ہاشم لاشاری، مقامی امیر محمود اجن اور بزرگ رہنما سردار اکبر اجن بھی ساتھ موجود تھے۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ ہر طرف ظلم اور جبر کا فرسودہ نظام قائم ہے انصاف نہ ملنے کی وجہ سے لوگ قانون کو اپنے ہاتھ میں لیتے ہیں جس کی وجہ سے مزید خونریزی اور قبائلی تصادم معاشرے میں معمول بن چکے ہیں ، عدالتوں میں انصاف ناپید دادا نانا کے دائر مقدمات میں پوتوں اور نواسوں کو بھی انصاف نہیں ملتا جس کی وجہ سے عوام کا عدلیہ پر اعتماد ختم ہوچکا ہے ،قانون صرف امیر کے گھر کی لونڈی بن چکا ہے، مظلوم متاثرہ فریق کی ایف آئی آر درج نہیں کی جاتی جبکہ امیر جب چاہیں کسی پر بھی جھوٹے مقدمات قائم کرکے اسے پولیس کے ہاتھوں رسوا کرسکتے ہیں ،صوبائی امیر نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک کی خودمختاری،روپے کی بے قدری اور ڈالر کی اونچی اڑان کے باوجود حکومت فیفٹ کی بلیک میلنگ سے جان چھڑانے میں ناکام ہے۔
محمد حسین محنتی
عمران موجودہ حکومت کی معاشی ٹیم بری طرح ناکام ہوچکی ،محنتی
Mar 07, 2022