کامرہ کینٹ (نثار علی خان)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماسیدزلفی بخاری نے کہا ہے کہ پشاور میں جمعہ کے دوران جو ظلم عظیم کیا گیا یہ درندگی اور سفاکیت کی بڑی مثال ہے کہ مسجد میں نماز کیلئے بیٹھے معصوم لوگوں کو خون سے نہلا دیا گیا، سانحہ پشاور ملک کوکمزور کرنے کیلئے ان ممالک کی کارستانی ہے جو وزیر اعظم عمران خان سے اپنے لئے مفادات حاصل کرنے میں ناکام ہیں کیونکہ وزیر اعظم کو صرف پاکستان اور پاکستان قوم کا مفاد عزیز ہے ، اپوزیشن جتنا زور وزیر اعظم عمران خان کو دبانے اور تحریک عدم اعتماد میں صرف کریگی وہ اتنا ہی ابھر کر سامنے آئیں گے، اپوزیشن خود کو مزید کمزور اور پی ٹی آئی حکومت کو مضبوط کررہی ہے ، پہلی بار اپوزیشن رہنما ملک میں کنٹینرز ، گاڑیوں اور افرادی قوت پر خرچ کررہے ہیں جس پر ان کے مشکور ہیں، وہ مراقبہ ہال اٹک میں اپنے قریبی ساتھی معروف کنٹریکٹر محمد طفیل مغل کے بھتیجوں اور محمد اعجاز مغل کے صاحبزادوں اسد اعجاز اور فیضان اعجاز کی دعوت ولیمہ میں نوائے وقت کو دیئے گئے انٹرویو میں اظہار خیال کررہے تھے ، سید زلفی بخاری نے ایک سوال پر کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ناصرف اپنی مدت پوری کرے گی بلکہ اگلے پانچ سال کیلئے بھی اقتدار میں آئے گی ، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد خود اپوزیشن کیلئے عوامی بد اعتمادی کی تحریک ثابت ہوئی ہے ، اپوزیشن اب واپسی کا باعزت راستہ چاہتی ہے لیکن ہم چاہتے ہے ہیں کہ ساری جماعتیں عوام کے سامنے بے نقاب ہو ں اور اپنا شوق پورا کرکے ناکامی و نامرادی کی صورت میں واپسی کا راستہ لیں ۔