اسلام آباد(خبر نگار)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں بجلی اور گیس کے میٹرز پر پابندی کا خاتمی ایک مستحسن اقدام ہے، تاہم ساڑھے تین سال تک پی ٹی آئی اور اس سے قبل مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں شہریوں کو گیس اور بجلی سے محروم رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی تھی، انھوں نے کہا مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے دور حکومت میں متعلقہ اداروں کے اہلکار رشوت لے کر مخصوص لوگوں کے میٹرز تو لگاتے رہے ہیں، لیکن اس سارے عرصے میں متوسط اور غریب افراد کو گیس اور بجلی سے محروم رکھا گیا، میاں محمد اسلم نے کہا پی ٹی آئی ، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی عوام دشمنی میں ایک پیج پر ہیں، ان پارٹیوں کا دور حکومت عوام کے لیے مشکلات اور مصائب لے کر آتا ہے، عوام اپنی محرومیوں اور دکھوں کے ازالے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں
اسلام آباد میں بجلی گیس میٹرز پر پابندی کا خاتمہ مستحسن اقدام ہے،میاں اسلم
Mar 07, 2022