اسلامی یونیورسٹی جدیدرجحانات کے مطابق نصاب تیار کر رہی، ڈاکٹر ھذال  

Mar 07, 2022

 اسلام آباد(نا مہ نگار)بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹرھذال حمود العتیبی نے جامعہ میں داخلہ لینے والے نئے طلبا سے خطاب کرتے ہوے کہا ہے کہ نوجوان روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، اسلامی یونیورسٹی کی اولین ترجیح نوجوانوں کی اسلامی تعلیمات کی روشنی میں تربیت کرنا اور انہیں بہترین  بین الاقوامی تعلیمی معیار مہیا کرنا ہے۔ فیصل مسجد کیمپس میں نائب صدور، ڈینز، ڈایریکٹرز جنرل، پروفیسرز، سینئر فیکلٹی ممبران اور  دیگرمتعلقہ عہدیداروں کی موجودگی میں نئے طلباء سے اپنے  پہلے خطاب  میں صدر جامعہ نے کہا کہ صبر اور مستقل مزاجی  ہی وہ اوصاف ہیں جو انسان کو کامیابی کی راہ پر گامزن کر دیتے ہیں اور یہی معاملہ تعلیم کا بھی ہے کیونکہ اس کے لیے بے پناہ محنت اورلگن کی ضرورت ہے۔صدر اسلامی یونیورسٹی نے ورچوئل لرننگ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے طلباء پر زور دیا کہ وہ آن لائن ورچوئل فری کورسز کو اپنائیں۔ ڈاکٹر ھذال نے نوجوانوں معاشرے میں  اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  وہ روشن مستقبل کی دلیل  ہیں،  نوجوانوں کوچاہیے کہ وہ  علم کے ذریعے اپنا کل سنواریں۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی دنیا کی اعلیٰ یونیورسٹیوں میں اپنی جگہ بنانے کے لیے جدید ترین تبدیلیوں اور رجحانات کے مطابق نصاب تیار کر رہی ہے۔ انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ وہ امن کو فروغ دیں اور کیمپس میں نظم وضبط کو اپنائیں۔ 

مزیدخبریں