پشاور‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) گورنر خیبر پی کے غلام علی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے خط کا جواب دے دیا۔ گورنر غلام علی نے خط کے جواب میں ای سی پی حکام کو 7 یا 8 مارچ کو الیکشن کی تاریخ دینے کے معاملے پر مشاورت کے لیے بلایا ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے میڈیا کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ای سی پی کے خط کا جواب دیا ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عمل درآمد کیا جائے گا۔ دوسری طرف الیکشن کمیشن نے پنجاب اور کے پی کے میں انتخابات کیلئے فنڈز اور سکیورٹی اہلکاروں کی فراہمی کے لئے وفاق سے جلد رابطہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ممبران، سیکرٹری اور دیگر ونگز کے حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں پنجاب اور خیبر پی کے میں عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ الیکشن کمیشن اجلاس کو پنجاب میں انتخابات کے شیڈول پر بریفنگ دی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر نے آج دن 12 بجے پھر اجلاس طلب کر لیا۔