کوئٹہ+ اسلام آباد ( خبرنگار خصوصی+ خبر نگار+ نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+اے پی پی) بلوچستان کے ضلع بولان میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک پر خودکش دھماکے میں 9 سکیورٹی اہلکار شہید اور 9 زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق کوئٹہ سبی شاہراہ پر کمبڑی پل کے مقام پر دھماکہ ہوا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کو نشانہ بنایا گیا۔ ایس پی بولان محمود نوتیزئی کے مطابق موٹرسائیکل سوار خودکش حملہ آور نے ٹرک کے قریب آکر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ اطلاع ملتے ہی انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچیں۔ نعشوں اور زخمی اہلکاروں کو سبی منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ 3 زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ کوئٹہ اور سبی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار سبی میلے میں ڈیوٹی کرکے واپس آرہے تھے کہ رستے میں انہیں نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ٹرک الٹ گیا اور اہلکار اس کے نیچے دب گئے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ اور صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ نے سبی کے علاقے میں بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی پر حملے کی مذمت کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے جنہیں سی ایم ایچ سبی منتقل کردیا گیا ہے۔ ایس ایس پی کچھی محمود نوتیزئی نے تصدیق کہ ابتدائی شواہد کے مطابق بولان دھماکا خودکش تھا، دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور دھماکے کے بعد علاقے کو سرچ کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر بزدلانہ کارروائیوں سے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں، بدامنی اور عدم استحکام پیدا کرکے صوبے کو پسماندہ رکھنے کی سازش کی جارہی ہے۔ ایسی تمام سازشوں کو عوام کی حمایت سے ناکام بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے بھی بولان میں بلوچستان کانسٹیبلری پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے حملے کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بولان میں بلوچستان کانسٹیبلری کی وین پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ملک سے دشتگردی کی لعنت کا جلد خاتمہ کریں گے۔ صدر نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے بلوچستان کے علاقے بولان ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور متعدد اہلکاروں کی شہادت پر دکھ و افسوس کا اظہارکیا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینٹ سینیٹر اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف سینٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی مذمت کرتے ہوئے اظہار افسوس کیا ہے۔
بولان : بلوچستان کانسٹیبلری ٹرک پر خودکش حملہ، 9 اہلکار شہید ، 9 زخمی
Mar 07, 2023