اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گھڑی چور پولیس کو دیکھتے ہی بل میں چھپ جاتا ہے، پولیس کے جانے کے بعد یہ باہر آ کر بڑھکیں مارتا ہے، اس شخص نے قانون اور آئین کو یرغمال بنا رکھا ہے، عمران خان اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور مہم جوئی کرتا ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں، اسے معلوم ہے کہ جس دن عدالت کے سامنے پیش ہوا تو پکڑا جائے گا۔ پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے عوام دیکھ رہے ہیں کہ ایک فارن فنڈڈ ایجنٹ، گھڑی چور پولیس کو دیکھتے ہی چھپ جاتا ہے۔ یہ شخص عدل کے نظام کی پلکوں پر سوار ہے۔ اس شخص کو معلوم ہے کہ جتنا اونچا چیخے گا اتنا جلدی اسے ریلیف مل جائے گا۔ اسے معلوم ہے کہ یہ عدلیہ پر حملہ آور ہوگا، غنڈہ گردی کرے گا، عدلیہ کو دھمکائے گا تو اسے بیل مل جائے گی۔ زمان پارک میں سمجھوتہ ایکسپریس روانگی کے لئے تیار ہے لیکن یہ سمجھوتہ نہیں این آر او کیلئے منتیں ہیں، فارن ایجنٹ توشہ خانہ چور کو این آر او چاہئے۔