باکو (نوائے وقت رپورٹ) آذربائیجان کے متنازعہ علاقے نگورنو کاراباخ میں آذربائیجان کے فوجیوں اور نسلی آرمینیائی باشندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آذربائیجان کی وزارت دفاع نے کہا کہ فوجیوں نے ایک قافلے کو روکا جس کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ علاقے کے مرکزی قصبے سے باہر کے علاقوں میں ہتھیار لے کر جا رہا تھا، اس دوران فائرنگ کے نتیجے میں دو فوجی ہلاک ہوئے۔ وزارت دفاع کی جانب سے مزید کہا گیا کہ یہ واقعہ ایک بار پھر ظاہر کرتا ہے کہ آذربائیجان کو لاچین، خانکیندی سڑک پر ایک مناسب چوکی بنانے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب آرمینیا کی وزارت خارجہ نے آذربائیجان کی جانب سے لگائے گئے ہتھیاروں سے متعلق الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاراباخ میں آرمینیائی وزارت داخلہ کے تین اہلکار مارے گئے ہیں۔ قافلہ دستاویزات اور ایک سروس پستول لے کر جا رہا تھا۔ آذربائیجان کی جانب سے یہ اقدام ایک اشتعال انگیزی ہے جس کی پیشگی منصوبہ بندی کی گئی تھی اور اعلیٰ قیادت کی طرف سے ہدایت کی گئی تھی۔ آرمینیائی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ لاچین کوریڈور اور نگورنو کاراباخ میں ایک بین الاقوامی حقائق تلاش کرنے والی ٹیم بھیجنا ایک اہم ضرورت بنتا جا رہا ہے۔ آرمینیا اور آذربائیجان 30 سال سے زیادہ عرصے میں دو جنگیں لڑ چکے ہیں۔ دونوں سابق سوویت ریاستیں آزاد ہیں۔ آذربائیجان کے آرمینیائی آبادی والے انکلیو کاراباخ کے کنٹرول کے لیے لڑائیاں ہزاروں جانیں لے چکی ہیں۔
آذربائیجان
فوجیوں نے ایک قافلے کو روکا جس پر شبہ تھا وہ مرکزی قصبے سے باہر کے علاقوں میں ہتھیار لیکر جا رہا تھا، فائرنگ میں 2 فوجی ہلاک ہوئے، وزارت دفاع آذربائیجان
Mar 07, 2023