سندھ حکومت نے اخراجات میں کمی کا اعلان کر دیا 

Mar 07, 2023


کراچی (نوائے وقت رپورٹ) حکومت سندھ نے وزیراعظم کے حکم پر سرکاری سطح پر اخراجات کم کرنے کا اعلان کر دیا۔ محکمہ خزانہ سندھ نے حکم نامہ جاری کر دیا۔ حکم نامے کے مطابق کابینہ ارکان سے سکیورٹی، ڈیوٹی کی آدھی گاڑیاں واپس لی جائیں گی۔ تمام محکموں کی خالی پوسٹیں ختم کر دی جائیں گی۔ وی آئی پیز کیلئے سکیورٹی اخراجات میں کمی کی جائے گی کسی محکمے کو اضافی اخراجات کی ضرورت ہو تو وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ کرے نئی ملازمتیں دینے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ عارضی ملازمین کی بھرتیوں پر بھی پابندی ہو گی نئے فرنیچر، ائر کنڈیشن، ریفریجریٹرز اور گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ وزراء اور سرکاری افسروں کے غیر ملکی دوروں پر پابندی ہوگی۔ سرکاری سطح پر ظہرانے اور عشائیے پر بھی پابندی ہو گی۔ مہمانوں کو اور اجلاس میں صرف چائے اور بسکٹ پیش کئے جائیں گے۔ یوٹیلٹی بلوں میں 10 فیصد  اور پٹرول میں 40 فیصد کمی ہو گی۔ سندھ میں سرکاری افسران دورے کرنے کی بجائے آن لائن اجلاس کریں۔ عارضی ملازمین کی تعداد میں کمی کی جائے۔ سندھ حکومت کے تمام محکموں کو اخراجات کم کرنے کی پالیسی پر عمل کرنے کی ہدایات کر دی گئی ہیں۔
سندھ؍ اخراجات کم 

مزیدخبریں