تعلیمی نظام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت:صدر مملکت 

Mar 07, 2023


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک کے تعلیمی نظام کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے، مستقبل انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت جیسے جدید سائنسی شعبوں میں ترقی سے وابستہ ہے، تعلیمی اداروں اور صنعت کے مابین بہتر روابط سے نہ صرف نوجوانوں کو موزوں روزگار کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ اس سے صنعتی ترقی کے امکانات بھی پیدا ہوں گے،دنیا میں اپنا مقام بنانے کے لئے علم و ہنر کے ساتھ ساتھ خود کو معاشی لحاظ سے بھی مضبوط بنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کو یہاں یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہورکے دورہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر خاتون اول ثمینہ عارف علوی،فیکلٹی ممبران ،ڈینز، ڈائریکٹرز،ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس،یونیورسٹی کی سینئر انتظامیہ سمیت سپیشل طلبا بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے کہاکہ ہمیں سپیشل طلبا پر خصوصی توجہ دینی چاہیے،ہمارے معاشرے میں محروم افراد کا تناسب 10 فیصد ہیں ،ہمیں معاشرے میں ان کو عزت کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے تا کہ انہیں اپنی محرومیوں کا احساس نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی نے سپیشل طلبا کو تعلیمی میدان میں پروموٹ کر کے احسن اقدام کیا ہے،معاشرے میں ہمیں ان محروم افراد کو ساتھ لے کر چلنا ہوگاتاکہ یہ بھی تعلیم حاصل کر کے معاشرے میں اپنا کر دار ادا کر سکیں۔

مزیدخبریں