آئی جی جیل خانہ جات کی سپرنٹنڈنٹس کو بہتر سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت

Mar 07, 2023


لاہور(خبرنگار)آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے تمام سپرنٹنڈنٹس جیلز کو پنجاب کی جیلوں کی سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔تمام سپرنٹنڈنٹ جیلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جیل سیکورٹی کے لئے ضرورت کے مطابق سیکورٹی سٹاف کی تعیناتی کو یقینی بنائیں۔جیل کے اندرون و بیرون اہم سیکیورٹی پوانٹس پر مسلح اہلکاران کو تعینات کیا جائے۔مین گیٹ کے علاوہ تمام داخلی راستوں کو مکمل طور پر بند کیا جائے اور مین گیٹ کو بنکرز اور رکاوٹیں لگا کر مزید محفوظ بنایا جائے۔تمام افراد اور گاڑیوں کو مکمل شناخت اور تلاشی کے بعد جیل احاطے میں داخلے کی اجازت دی جائے۔محکمہ جیل خانہ جات ، محکمہ پولیس سمیت کسی بھی محکمہ کے افسران و اہلکاران کو شناخت کے بغیر جیل احاطے میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔سپرٹینڈنٹ جیل ، ڈپٹی سپرٹینڈنٹ جیل اور لائن آفیسر روزانہ کی بنیاد پر دورہ کر کے جیل کی بیرون سیکیورٹی کا جائزہ لیں۔جیل سٹاف کالونی کی بھی سیکورٹی کو مزید بہتر بنایا جائے۔کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سپرٹینڈنٹ جیل کی موجودگی میں جیل افسران و اہلکاران کی روزانہ کی بنیاد پر حاضری لگائی جائے اور تمام جیل افسران و اہلکاران کی جیل احاطے میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔

مزیدخبریں