اچی (کامرس رپورٹر) صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے پاکستان بھر میں بالعموم اور صوبہ سندھ میں بالخصوص صنعتی، کمرشل، زرعی اور رہائشی زمینوں پر قبضے کے خطرناک،نہ ختم ہونے والے اور وسائل کے زیا ں کا سبب بننے والے مسئلے پر اپنے گہرے و دیرینہ تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ وہ اس مسئلے پر کراچی میں ایف پی سی سی آئی کے ہیڈ آفس میں برا ہ راست ہائی پروفائل پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ عرفان اقبال شیخ نے بتایا کہ پاکستان میں سینکڑوں صنعتی پلاٹوں پر جعلی دستاویزات کے ذریعے غیر قانونی قبضہ کیا گیا ہے۔ اعلیٰ ادارے کے صدر کی حیثیت سے، ان پر پاکستان بھر کی کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری کی جانب سے زبردست دباؤ ہے کہ وہ اس معاملے کو وفاقی اور سندھ کی حکومتوں کے ساتھ ایک منصفانہ طریقہ کار کے ذریعے فیصلہ کن حل کے لیے آواز اٹھائیں۔صدر ایف پی سی سی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ زمینوں پر قبضے کے مقدمات کی قانونی چارہ جوئی کے لیے خصوصی اور تیز رفتار عدالتیں قائم کی جائیں اور مجرموں کو زمین کی ریکوری اور جرمانے کی وصولی کے ساتھ 10 سال تک کی کڑی سزا دی جائے۔