کراچی‘ منگھوپیر سے لاپتہ شہری کی عدم بازیابی پر عدالت برہم 

Mar 07, 2023


کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے منگھو پیر سے لاپتہ شہری کی درخواست پر تفتیشی افسر کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کیس کی تفتیش ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو کرنے کی ہدایت کردی۔سندھ ہائیکورٹ میں منگھو پیر سے لاپتہ شہری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے انکشاف کیا کہ اس کے موکل کی رہائی کے لئے بھتہ مانگا جارہا ہے۔ وکیل نے موقف دیا کہ ہمیں کال پر لاپتہ عبد اللہ کی رہائی کے لئے 7لاکھ روپے تاوان مانگا جارہا ہے۔ جے آئی ٹی کو آگاہ کیا گیا اور معلومات بھی فراہم کی گئیں۔ کال کرنے والے کا موبائل ڈیٹا بھی فراہم کردیا ہے۔ عبد اللہ کو منگھو پیر سے 10 جون 2017کو غائب کیا گیا تھا۔ کئی سال گزر جانے کے باوجود بازیاب نہیں کرایا جاسکا۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ فون نمبر کی معلومات حاصل کی ہیں تو بلوچستان کا ظاہر ہوا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے موبائل فون کو ٹریس کیا۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ریکارڈ نکالا گیا ہے، شناختی کارڈ پر پتہ رحیم یار خان کا آرہا ہے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کیس کی تفتیش ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو کرنے کی ہدایت کردی۔

مزیدخبریں