کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے کراچی یونیورسٹی میں 34سال ملازمت کرنے والی لائبریرین کی واجبات سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔سندھ ہائیکورٹ میں کراچی یونیورسٹی میں 34سال ملازمت کرنے والی لائبریرین کی واجبات سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ رجسٹرار جامعہ کراچی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے رجسٹرار سے استفسار کیا کہ ایک شخص 1987سے آپ کے پاس ملازمت کرتا رہا، آپ کو 2018میں اسے کنفرم کرنے کا خیال آیا۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ اتنی مدت تک یونیورسٹی کیا کرتی رہی ہے۔ رجسٹسرار نے بتایا کہ میں اکنامکس کا پروفیسر ہوں، رجسٹرار کے عہدے پر اضافی ذمہ داری ادا کررہا ہوں۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ یہ تو ہائیکورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہے، عدالت انتظامی اسامیوں پر اساتذہ کی تعیناتی روک چکی ہے۔ اگر آپ کو اس بارے میں کوئی علم نہیں تو یہاں کیوں آئے۔ سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ کنٹریکٹ ملازمین کی ماضی کی مدت کا بھی جائزہ لیا جائے۔ جامع کراچی کے وکیل نے موقف دیا کہ بہتر ہے آپ فیصلہ کردیں، کیونکہ یہ فیصلہ کسی ایک شخص کو نہیں 18رکنی سینڈیکیٹ کو کرنا ہے۔ عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
سا بقہ لا ئبر یرین کرا چی یو نیورسٹی کا واجبات کیس فیصلہ محفوظ
Mar 07, 2023