لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مریم اورنگزیب نے جہاں تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے وہیں ریسرچ، میڈیا، سیاست، پلاننگ اور ماحولیات میں بھی انہوں نے نام کمایا ہے۔ مریم اورنگزیب نے 2003ءمیں کنگز کالج لندن سے انوائرمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ میں ماسٹرز کیا۔ 2002ءمیں قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے وہ معاشیات میں پہلے ہی ایم اے کر چکی تھیں۔ ایف ایس سی فیڈرل گورنمنٹ کالج اسلام آباد سے کیا۔ انہوں نے لندن کنگز کالج کے ریسرچ پراجیکٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے ماحولیاتی معاشیات میں مختصر کورس اور اپنی تعلیمی قابلیت کو بڑھانے کیلئے اسی نوعیت کے چھوٹے کورسز، ورکشاپس اور عالمی سیمینارز میں بھی حصہ لیا اور مقالہ جات لکھے۔ وہ 2013ءمیں پہلی بار مسلم لیگ (ن) کی طرف سے قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں۔ اپنی نمایاں خوبیوں کے باعث وہ جلد ہی سیاسی میدان میں نمایاں ہو گئیں۔ 2016ء میں مریم اورنگزیب وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات بن گئیں۔ انہوں نے بطور وزیر اطلاعات و نشریات پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کو نئی جہت دی۔ پرنٹ میڈیا کیلئے بھی ان کی خدمات قابل ذکر ہیں۔ فلاحی کاموں میں بھی انہوں نے نام کمایا۔ انہوں نے این جی اوز میں بھی کام کیا۔
مریم اورنگزیب نے میڈیا اور سیاست میں نمایاں خدمات انجام دیں
Mar 07, 2024