ملک کے روشن مستقبل کا سوال 24گھنٹے کا م ایک لمحہ ضائع نہیں کرسکتے وزیراعظم

Mar 07, 2024

پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) وزیراعظم شہبازشریف نے پشاور میں بارش اور برفباری کے متاثرین میں گزشتہ روز چیک تقسیم کئے۔ انہوں نے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ 7 ملکوں میں شامل ہے۔ پاکستان موسمی تبدیلی کے نرغے میں آچکا ہے اس کے لئے تیاری کرنی ہے۔ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے کو مل کر تیاری کرنا ہوگی۔ تیاری نہ کی تو آئندہ نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف سے گورنر خیبر پی کے حاجی غلام علی نے ملاقات کی جس میں حالیہ طوفانی بارشوں و برفباری کے نتیجے میں نقصانات اور جاری امداد و بحالی کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ ملاقات میں سینیٹر اسحاق ڈار، خواجہ آصف، عطاءتارڑ، امیر مقام، مرتضیٰ جاوید عباسی اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک بھی شریک تھے۔ ملاقات میں وزیر اعظم کو حالیہ طوفانی بارشوں و برفباری کے نتیجے میں نقصانات اور جاری امداد و بحالی کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق بعد ازاں وزیر اعظم نے حالیہ طوفانی بارشوں و برفباری کے خیبر پی کے میں نقصانات اور جاری ریسکیو و بحالی کے اقدامات کے حوالے سے اجلاس کی صدات کی۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو صوبائی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، این ڈی ایم اے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ خیبر پی کے میں حالیہ طوفانی بارشوں و برفباری کے نتیجے میں 40 افراد جاں بحق جبکہ 62 افراد زخمی ہوئے جن میں 27 بچے بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 635 گھر مکمل و جزوی طور پر تباہ ہوئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی خصوصی ہدایت پر ان طوفانی بارشوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاءکو 20 لاکھ، رخمی ہونے والے افراد کو فی کس 5 لاکھ، مکمل تباہ شدہ گھروں کے مکینوں کو 7 لاکھ جبکہ جزوی طور پر متاثرہ گھروں کے مکینوں کو 3.5 لاکھ دیا جا رہا ہے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ خیبر پی کے میں تمام بڑی شاہراہوں کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے جبکہ جن شاہراہوں پر برفباری و لینڈ سلائیڈنگ ابھی بھی جاری ہے ان پر بھی کام جاری ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ دو روز میں متوقع برفباری کے حوالے سے بھی ضلعی و صوبائی انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کی کسی بھی ہنگامی صوتحال سے نبٹنے کیلئے تیاری مکمل ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تمام ادارے مل کر طوفانی بارشوں و برفباری کے متاثرین کے ریسکیو و بحالی کے اقدامات میں حصہ لیں۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ متاثرین کی مدد و بحالی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ این ڈی ایم اے کو ہدایت کر دی ہے کہ وہ صوبائی انتظامیہ سے مل کر متاثرین کے ریسکیو و بحالی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں، متاثرہ گھروں کے مکینوں کو آئندہ پانچ روز میں امدادی رقوم کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ مصیبت کی اس گھڑی میں وفاقی حکومت متاثرین کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرے گی۔ قبل ازیں شہباز شریف نے سرائیکی کلچر اور سرائیکی اجرک ڈے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب اور یہاں کی ثقافت، فنون و ادب کی ترقی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے۔ ہماری حکومت تمام علاقوں اور خطوں کی مقامی زبان، ادب اور ثقافت کو مزید فروغ دے گی۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ سرائیکی وسیب کے تمام رنگ خوبصورت اور منفرد تہذیب وتمدن کے امین ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ”سرائیکی زبان ڈاڈھی مِٹھی زبان ہے“۔ انہوں نے کہاکہ سرائیکی زبان جنوبی پنجاب ہی نہیں، بلوچستان اور بھارت میں بھی بولی جاتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ادب، شاعری اور موسیقی میں سرائیکی اور اس سے وابستہ اہل علم وقلم کا بڑا حصہ ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ سرائیکی کلچر، تہذیب وتمدن دریائے سندھ کی ہزاروں سال قدیم تہذیب سے جڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حضرت بہاؤالدین زکریا، حضرت شاہ رکن عالم،خواجہ غلام فرید، محمد سلمان تونسوی، سخی سرور، شاہ شمس تبریز جیسے بزرگان دین اور صوفیاءنے سرائیکی زبان کی شان بڑھائی۔ 

مزیدخبریں