غزہ 41فلسظینی شہیدرمضان سے پہلے جنگ بندی نہ ہوئی توصورتحال خطرناک ہوجائیگی جوبائڈن

جنیوا+ غزہ (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) امریکہ غزہ میں 6 ہفتوں کی جنگ بندی کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں حماس کی قید سے تمام اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کی تجویز رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو اقوام متحدہ کے ایک سفارت کار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی سے متعلق سلامتی کونسل میں پیش کی گئی قرارداد کے مسودے میں امریکہ نے کچھ تبدیلی کی ہے۔ یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب قطر اور مصر میں امریکہ کی ثالثی سے اسرائیل اور حماس کے درمیان رمضان سے قبل جنگ بندی کے معاہدے پر مذاکرات حتمی دور میں داخل ہوئے ہیں۔ ترجمان حماس نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ ہونے تک مذاکرات جاری رکھیں گے۔ ہم لچک دکھا رہے۔ اسرائیلی معاہدے سے کترا رہا ہے۔ سربراہ ”انروا“ نے جنرل اسمبلی میں بتایا غزہ میں صرف 150 دن میں 30 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے۔ بچے پانی کی کمی، بھوک سے مررہے ہیں۔ غزہ پر قحط منڈلا رہا ہے۔ یونیسف کے ترجمان نے کہا کہ غزہ میں جنگ کی بچے بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں۔ غزہ میں بمباری سے مزید 41 فلسطینی شہید ہو گئے۔ رفح، خان یونس میں بمباری کی گئی۔ پناہ گزین کیمپ نشانہ بنائے گئے۔ خان یونس میں شہید ہونے والوں میں ایک خاندان کے 17 افراد شامل ہیں۔ امداد کے منتظر فلسطینیوں پر ایک ہفتے میں تیسرا حملہ ہے۔ مغربی کنارے کو مزید ٹکڑوں میں تقسیم، فلسطینی ریاست کے قیام ناممکن بنانے کے لئے اسرائیل نے یہودی آباد کاروں کے لئے 3500 رہائشی یونٹ قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے خبردار کیا ہے کہ رمضان سے پہلے جنگ بندی نہ ہوئی تو صورتحال بہت خطرناک ہو جائے گی۔ یہ یروشلم اور اسرائیل کے لیے بہت بہت خطرناک ہو سکتا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق کیمپ ڈیوڈ میں کچھ دن قیام کے بعد واپس وائٹ ہاؤس جانے سے پہلے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جوبائیڈن نے کہا اس بات کا انحصار اب حماس پر ہے کہ وہ 6 ہفتوں کے لیے جنگ بندی کی تجویز کو قبول کرتی ہے یا نہیں۔ غزہ میں اسرائیلی فوج کی طرف سے انسانی بنیادوں پر امدادی سامان کی ترسیل کی راہ میں پیدا کردہ رکاوٹوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے کوئی عذر یا بہانہ نہیں ہو سکتا ہے کہ لوگوں تک فلسطینی علاقے میں امدادی سامان نہ پہنچنے دیا جائے۔ ناروے نے ”انروا“ کےلئے فنڈز جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔ مغربی کنارے میں 2 فلسطینیوں کو گولی مار کر شہید کر دیا گیا۔ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے وارننگ دی رفح میں ممکنہ اسرائیلی فوجی کارروائی کے خطرناک نتائج ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن