اسلام آباد (این این آئی) احتساب عدالت نے شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری، سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف، رہنما پیپلز پارٹی یوسف رضا گیلانی اور دیگر کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کر کے19 مارچ کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آصف زرداری، نواز شریف، یوسف رضا گیلانی اور دیگر کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس کی سماعت کی۔ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔ نواز شریف کے وکیل قاضی مصباح الحسن اور آصف علی زرداری کے وکیل ارشد تبریز عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ علاوہ ازیں نواز شریف کی جانب سے ان کے پلیڈر رانا عرفان جبکہ نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر عثمان مسعود عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تفتیشی افسر ضمنی ریفرنس کے لیے رپورٹ پیش کرے گا۔ تفتیشی افسر کو نوٹس کر دیں۔ جج ناصر جاوید رانا نے استفسار کیا کہ ملزم کون ہیں؟ ان کی حاضری لگوائیں۔ دریں اثناءعدالت نے تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کر کے 19 مارچ کو پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔
نواز شریف، زرداری، گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس، تفتیشی افسر طلب
Mar 07, 2024