حسن، حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطلی کیس، نیب سے جواب طلب 

Mar 07, 2024

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کی عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز کی جانب سے پانامہ ریفرنسز میں دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواستوں پر نیب کو جواب کیلئے نوٹسز جاری کر دئیے۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران قاضی مصباح ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے اور ایون فیلڈ، العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواستیں دائر کی گئیں۔ قاضی مصباح نے موقف اپنایا کہ حسن اور حسین نواز نے 12 مارچ کو پاکستان آنا ہے، دونوں عدالت کے سامنے پیش ہو کر خود کو سرنڈر کرنا چاہتے ہیں۔ دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کیے جائیں۔ فلیگ شپ ریفرنس میں نیب نے دیگر ملزموں کی بریت کیخلاف اپیل واپس لے لی تھی جبکہ العزیزیہ ریفرنس میں دیگر ملزم بری ہو چکے ہیں۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ریمارکس دیئے ان درخواستوں پر تفتیشی افسروں کو نوٹسز جاری کر دیتے ہیں۔ عدالت نے تینوں درخواستوں پر نیب کے تفتیشی افسروں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت آج تک کیلئے ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں