واشنگٹن +سری نگر(کے پی آئی) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی آج سری نگر میں بی جے پی کے انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے ۔ جبکہ کل جماعتی حرےت کانفرنس کی اپیل پر کشمیری عوا م مودی کی کشمیر آمد پر مکمل ہڑتال کریں گے ۔ نریندر مودی سری نگر کے بخشی سٹیڈیم میں انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے ۔مودی کے دورے کے سلسلے میں سری نگر میں نیشنل سیکیورٹی گارڈز اور سپیشل سروسز گروپ جیسے ایلیٹ سیکورٹی یونٹوں کو تعینات کیاگیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی بھارتی انتظامیہ نے سرکاری ملازمین کو سری نگر میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے جلسے میں لازمی شرکت کا حکم جاری کیا ہے ۔ 7مارچ کو سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی مجوزہ ریلی میں شرکت کے لیے 7ہزارسرکاری ملازمین کو لانے کا منصوبہ بنایاگیاہے۔ دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے پاک فوج کی طرف سے کشمیریوں کی بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد کی مکمل سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کے اعادے کا خیرمقدم کیا ہے ۔ جنرل ہیڈ کوارٹرزراولپنڈی میں بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 263ویں کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران پاکستان کی طرف سے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا جبکہ امریکی قانون سازاور ایوان نمائندگان کی رکن ٹیری میزا نے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل پر زور دیتے ہوئے کشمیری عوام کو انصاف سے محروم رکھنے کی مذمت کی ہے۔ٹیری میزا نے ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں بیرون ملک مقیم کشمیریوں سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیرمیں بڑے پیمانے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کے انصاف سے محرومی کی مذمت کی ۔