رشتے کا تنازعہ‘ لاہور سے اوکاڑہ شادی پر گئے 2 بھائی قتل‘ خاتون سمیت 2 افراد زخمی 

اوکاڑہ (نامہ نگار) اوکاڑہ میں رشتے کے تنازعہ پر فائرنگ کر کے 2 سگے بھائیوں کو قتل کر دیا گیا۔ مقتولین کا باپ اور ایک مقتول کی بیوی شدید زخمی ہوگئے۔ مقتولین لاہور سے شادی میں شرکت کرنے اوکاڑہ آئے تھے۔ ڈی پی او اوکاڑہ منصور امان موقع پر پہنچ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ چک نمبر 6/4-L اوکاڑہ کا رہائشی ارشد ولد مختار احمد کی بختاور بی بی سے منگنی طے ہوئی تھی۔ بعد ازاں بختاور کے لواحقین نے اس کی شادی لاہور کے رہائشی شہزاد نامی نوجوان سے کر دی، ارشد کو اس کا رنج تھا۔ گزشتہ روز شہزاد احمد اپنی بیوی بختاور، اپنے بھائی تنویرعرف اللہ دتہ، اپنے باپ مہدی حسن کے ہمراہ ایک بارات میں شریک ہوکر چک نمبر 6/4-Lاوکاڑہ آئے تھے جہاں ملزم ارشد نے شادی والے گھر میں جا کر دستی اسلحہ سے فائرنگ کر کے 26 سالہ تنویر عرف اللہ دتہ، اس کے 22 سالہ بھائی شہزاد احمد کو قتل جبکہ شہزاد احمد کی بیوی بختاور بی بی اور مقتولین کے باپ مہدی حسن کو شدید زخمی کر دیا۔ ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ 

ای پیپر دی نیشن